(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) القسام بریگیڈز کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے غزہ میں قابض افواج کے خلاف لڑائیوں کے دوران القسام کے جنگجوؤں کی کامیابیوں کا اعلان کیا۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے غزہ میں مجاہدین کی غیر معمولی کامیابیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جانبازوں نے گذشتہ 15 روز کے دوران صیہونی فوج کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
انھوں نےبتایا کہ اس دوران صیہونی فوج کی 43 فوجی گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کیا جنگجوؤں نے صفر کے فاصلے سے 15 صیہونی فوجیوں کو جہنم واصل کیا اور درجنوں کو زخمی کیا ،ہلاک ہونے والوں میں ایک اعلیٰ افسر بھی شامل ہے، چند دنوں کے دوران القسام کے جنگجوؤں نے 17 مختلف فوجی مشنز انجام دیے جن میں غاصب اسرائیلی افواج کو میزائلوں، قلعہ مخالف آلات اور مشین گنوں سے نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔
ابو عبیدہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ القسام کے جنگجوؤں نے صیہونی دشمن کے متعدد فوجیوں کو سرنگ کے داخلی راستےپر دھماکے سے اڑا کر ہلاک کیا، غاصب فوج کےجدید ٹیکنالوجی کے حامل 4 ڈرون قبضے میں لئے ، لڑائی کے تمام محاذوں پر مارٹر گولوں سے صیہونی فوج کے اہم مراکز کو تباہ کیا صیہونی ریاست کے سب سے اہم شہر تل ابیب میزائل بیراج سے نشانہ بنایا۔
القسام بریگیڈز نے ابو عبیدہ کے بیان سے پہلے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ جنگجوؤں نے غزہ شہر کے جنوب مغرب میں السینا کے علاقے میں اسرائیلی فوج کے 3 مرکاوا ٹینکوں کو "ال یاسین 105” گولوں سے نشانہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 652 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 225 کے قریب افسران بھی شامل ہیں جو غزہ کی پٹی میں زمینی دراندازی کے آغاز کے بعد سے مارے گئے ۔