(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گذشتہ ایک سال کے دوران صیہونی فورسز نے 206 فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کیا جن میں پانچ بزرگ ، تیرا خواتین اور سینتالیس بچے شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران غیر قانونی صہیونی ریاست کی دہشتگردانہ کارروائیوں کے دوران دو سگے بھائیوں سمیت 9 فلسطینی شہید کئے گئے۔
منگل، 29 نومبر کو، فلسطینی وزارت صحت نے مغربی کنارے کے الگ الگ علاقوں میں فوجی دراندازی کے ایک سلسلے کے دوران اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں پانچ فلسطینی شہریوں کی ہلاکت کا اعلان کیا۔
قابض صہیونی فوج کی اسپیشل فورس نے بدھ کے روز شمالی مغربی کنارے کے قصبے یعبد میں محمد توفیق شاکر نامی نوجوان کو شہید کیا۔
جمعرات کو قابض فوج نے دو فلسطینی نوجوانوں، 27 سالہ نعیم جمال الزبیدی اور 26 سالہ محمد ایمن السعدی کو جنین کیمپ میں بڑے پیمانے پر دراندازی کے دوران شہید کر دیا، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 فلسطینیوں کومختلف کارروائیوں کے دوران شہید کیاگیا۔
رواں سال کے اختتام تک صہیونی فورسزنے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں خواتین اور بچوں سمیت مجموعی طورپر 208 فلسطینیوں کو شہید کیا۔