(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )حسین الشیخ نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی ریاست اور صیہونی آباد کاروں کے جرائم کے روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ میں فلسطین اتھارٹی کے کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری حسین الشیخ نے گذشتہ روز مشرق وسطیٰ امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر ٹور ونس لینڈ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں حسین الشیخ نے اقوام متحدہ کے ایلچی کو فلسطین سمیت خطے میں ہونے والی تازہ ترین صورتحال اور سیاسی پیش رفت خاص طور پر مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن میں صیہونی ریاستی دہشتگردی، فلسطینیوں کے خلاف غیر قانونی اقدامات اور فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے سمیت صیہونی آبادکاروں کے حملوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
حسین الشیخ نے اقوام متحدہ کے ایلچی سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی ریاست اور صیہونی آباد کاروں کے جرائم کے روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نےفلسطین لبریشن آرگنائزیشن اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے تمام معاہدوں پر عمل کرنے ، یکطرفہ اقدامات کو روکنے اور بین الاقوامی قانونی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
جبکہ صیہونی قبضے کو ختم کرنے اور 1967 کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر بھی گفتگو کی گئی۔