(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )ملاقات کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے میں مزاحمتی کارروائیوں میں اضافے کو روکنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی اتھارٹی کو مراعات دیتے ہوئے مضبوط کرنا تھا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف عبرانی زبان کے نیوز چینل نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایک ہفتہ قبل تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری حسین الشیخ نے اسرائیلی اندرونی سیکیورٹی کے ذمہ دار انٹیلی جنس کے ادارے شاباک کے سربراہ رونن بار سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات انتہائی اہم اور خفیہ نوعیت کی بتائی جارہی ہے جس میں دونوں فریقوں کے درمیان سکیورٹی کوآرڈینیشن کو بڑھانا اور مغربی کنارے میں مزاحمتی کارروائیوں میں اضافے کو روکنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی اتھارٹی کو مراعات دیتے ہوئے مضبوط کرنا شامل تھا۔
واضح رہے کہ اس ملاقات کے بعد غیر قانونی صیہونی ریاست کے وزیراعظم نیتن یاھو نے سکیورٹی کابینہ کے اجلاس میں اپنے بیان میں بتایا گیا کہ ان کی حکومت فلسطینی اتھارٹی کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے فکرمند ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اتھارٹی کی سہولت کاری کے حوالے سے امریکا سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا۔ کونسل نے نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کو فلسطینی اتھارتی کو "معاشی سہولیات دینے” اور مراعات دینے کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا۔