(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) راکٹ حملے کے نتیجے میں بیریا کے جنگل میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، دو شہروں میں بجلی منقطع ہوگئی۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے عبرانی زبان کے معروف اخبار یعدیعوت احرنوت کی رپورٹ کے مطابق آج صبح لبنانی تنظیم حزب اللہ نے صیہونی ریاست اسرائیل کے شمال میں صفد شہر سے 12 کلو میٹر دور بالائی جلیل میں واقع ایک فضائی دفاعی اڈے کو کیٹوشیا راکٹوں سے نشانہ بنایا جس کے نیتجے میں صفد شہر اور بیریا ٹاؤن میں بجلی منقطع ہو گئی۔
یدیعوت احرونوت کی رپورٹ کے مطابق راکٹ حملوں سے بیریا کے جنگل میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، جنگل میں آگ بجھانے کا کام آخری اطلاعات تک جاری تھا۔
دوسری جانب صیہونی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیا ہے کہ صفد کے علاقے میں خطرے کے سائرن سنائی دیے جانے کے بعد لبنان سے 20 کے قریب راکٹ اسرائیل کی سمت داغے گئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق زیادہ تر راکٹوں کو فضا میں روک دیا گیا جب کہ بقیہ راکٹ کھلے علاقوں میں گرے۔
سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر زیر گردش وڈیو کلپوں میں صفد اور بیریا پر راکٹوں کے داغے جانے کی کارروائیاں دکھائی گئی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لبنانی حملے سے صیہونی ریاست کو غیر معمولی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ سات اکتوبر (2023) کے بعد سے لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر تقریبا روزانہ کی بنیاد پر لڑائی دیکھی جا رہی ہے۔ اس ٹکراؤ کے نتیجے میں اب تک لبنان میں کم از کم 610 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں 394 حزب اللہ کے ارکان اور 135 شہری شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ہزاروں لبنانی شہری بم باری کے نتیجے میں اپنے گھروں کو چھوڑنے اور جنوبی لبنان سے کوچ کرنے پر مجبور ہو گئے۔ دوسری جانب اسرائیل میں حکام کے مطابق حزب اللہ کے حملوں میں اب تک کم از کم 24 فوجی اور 26 شہری مارے جا چکے ہیں۔