(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) خان یونس غزہ کا سب سے زیادہ آبادی والا علاقہ ہے جہاں جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کو القسام کے جانبازوں کے ہاتھوں بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی فوج نے 76 ویں روز بھی غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے جس میں اب تک 8,000 بچے 6,200 خواتین، طبی عملے کے310 کارکن سول ڈیفنس کے 35 ارکان اور 97 صحافیوں کو شہید کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز القسام بریگیڈ کے جانبازوں نے اسرائیلی فوج کے قافلے پر اور شجائیہ میں صیہونی فوج کے عارضی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا جس میں مجموعی طورپر کم سے کم 26 اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، اس حملے کے بعد اسرائیلی فوج نےخان یونس کے ایک بڑے علاقے کو خالی کرنے کا حکم دیا جو کہ جنوبی غزہ کی پٹی کا سب سے بڑا شہر ہے جہاں ڈھائی ماہ سے جاری جنگ سے بے گھر ہونے والے بہت سے فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔