(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کے مجاہدین اکثر اسرائیلی ڈرونز کو اتارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، اور ڈرونز کے ذریعے اسرائیلی فوج کی نگرانی کررہے ہیں۔
جنگوں کی حکمت عملی اور اس کے اسرارورموز پر تحقیقات کرنے والے ادارے انسٹی ٹیوٹ فار اسٹیڈی آف وار، دی کریٹیکل تھریٹس پروجیکٹ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج کیلئے لوہے کے چنے ثابت ہونے والی فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے اہلکار غزہ میں ڈرون کے ذریعے اسرائیلی فوج کی نگرانی کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی گروپوں نے الشاطی پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی فوجیوں پر ایک بڑا حملہ کیا، فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی ڈرون کو بہ حفاظت اتار لیا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حماس کے اہلکار اپنے شعبے میں بہت ماہر ہیں اور وہ اکثر اسرائیلی ڈرونز کو اتارنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں ۔
انسٹی ٹیوٹ فار اسٹیڈی آف وار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے شیخ عجلین محلے میں اسرائیلی آرمی پر ٹینک شکن راکٹ فائر کیے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان خان یونس کے ارد گرد بھی شدید زمینی لڑائی جاری ہے۔
فلسطینی مزاحمت کاروں نے 3 جنوری کو غزہ شہر کے دراج اور تفح محلوں میں اسرائیلی کلیئرنگ آپریشنز کے خلاف دفاع کی کوشش جاری رکھیں، اسرائیلی فورسز نے توپ خانے اور زمینی افواج کے ساتھ مل کر ڈرون حملے کرنے والے فلسطینی جنگجوؤں کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی ہدایت کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے اور مزاحمت کار حملوں کے بعد بہ آسانہ اپنے ٹھکانوں پر لوٹ گئے۔
رپورٹ میں اس بات کا اشارہ دیا گیا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ جنگی حکمت عملی میں اسرائیلی عسکری حکام کی سوچ سے بہت آگے ثابت ہوئی ہے۔