(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) آپریشن طوفان الاقصیٰ کے آغاز سے یہ پہلا موقع ہے کہ حماس کے جانبازوں نے صیہونی ریاست کے دور دراز شہروں ایلات اور حیفا پر حملے کئے ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے میڈیا ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی اورفلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف شروع کئے گئے آپریشن طوفان الاقصیٰ کے مسلسل انیسویں دن حماس نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے فوجی ٹھکانوں اوریہودی بستیوں کے علاوہ دور دراز کے شہروں ایلات اور حیفا تک عیاش 250 اور R160 لانگ رینج میزائلوں سے حملوں کا دائرہ وسیع کیا،جبکہ تل ابیب سمیت دیگر شہر جن میں اشدود ،عسقلان پر پہلے ہی راکٹوں سے حملے جاری ہیں۔
اسرائیلی اخبار معاریف کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز القسام کے جانبازوں نے زیکیم اسرائیلی فوجی اڈے میں گھسنے اور اسرائیلی فوج پر حملے میں کامیاب ہوگئے، دوسری جانب مجاہدین نے تل ابیب اور اشدود شہر پر میزائل حملہ کیا، جس سے براہ راست جانی نقصان ہوا تاہم نقصان کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔