(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حادثے میں انتقال کرنےوالے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے فلسطینی قوم کے نصب العین کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
غاصب صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ امیر عبداللہیان اور دیگر عہدیداروں کی ایک المناک فضائی حادثے میں وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای، ایرانی حکومت اور برادر ایرانی عوام سے دلی تعزیت، گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
جاری کردہ تعزیتی بیان میں حماس نے ایرانی عوام اور حکومت دونوں سے اس گہرے صدمے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے فلسطینی قوم کے نصب العین کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں جس پرانہیں فلسطینی قوم اور حماس کی طرف سےبھرپور خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
حماس نے بیان میں کہا گیا کہ ایرانی صدر ان کے ساتھیوں کی وفات پوری مسلم امہ کے لیے ایک المناک واقعہ ہے۔
خیال رہےکہ گذشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث صوبہ آذربائیجان میں ایک پہاڑی علاقے میں لاپتا ہوگیا تھا۔ مسلسل تلاش کی کوششوں کے بعد صدر ہیلی کاپٹرکا ملبہ تلاش کرلیا گیا جس کے بعد اس میں سوار تمام افراد ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے علاوہ تبریز شہرکے امام جمعہ علی الہاشم، مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی اور صدر مملکت کی سکیورٹی ٹیم کے انچارج مہدی موسوی، پائلٹ اور اس کے معاون اور ایوی ایشن ٹیکنیشن کی لاشیں نکالی گئیں۔