(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب فورسز نے غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا کو حماس کا ہیڈ کوارٹر قرار دے دیا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل نے شمالی غزہ میں شدید حملوں کے بعد فضائی، زمینی اور سمندری راستوں سے قتل عام کا ارتکاب کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئل ہاگاری نےاپنے بیان میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس پر الزام لگایا کہ وہ غزہ کی پٹی کے اسپتالوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، حماس اسپتالوں سے جنگ چھیڑ رہی ہے۔
غاصب صیہونی افواج نے رات بھر غزہ پر ایک اندازے کے مطابق ڈیڑھ ہزار سے زائد بم گرائے جس میں اسپتال اور پناہ گاہوں کے طورپر استعمال ہونے والے اسکولزبھی شامل ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ کا دنیا سے ہر طرح کا مواصلائی نظام منقطع ہونے کے باعث فی الحال کوئی مصدقہ خبر نہیں ہے کہ محصور شہر میں صیہونی فورسز نے کیا قیامت ڈھائی ہے تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ جس وحشیانہ انداز میں رات گھر اسرائیلی فورسز نے گھروں اسپتالوں اور پناہ گاہوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا ہے اس میں سیکڑوں مزید فلسطینیوں کے شہید ہونے کا خدشہ ہے ۔
واضح رہے کہ سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک 3 ہزار کے قریب بچوں 2 ہزار کے قریب خواتین سمیت 7 ہزار سے زائد فلسطینی شہید کئے جاچکے ہیں۔