(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سات اکتوبر سے اب تک حماس کے ہاتھوں مارے جانے والے صیہونی فوجیوں کی مجموعی تعداد 571 ہوگئی ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست کی فوج نے غزہ میں حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ کے جانبازوں کے ہاتھوں اپنے دو مزید فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ سے اپنی ایک اور بریگیڈ کو نکال رہے ہیں ، جمعرات کو القسام کے مجاہدین نے صیہونی فوج کے اس وقت گھات لگاکر حملہ کیا جب وہ ایک مکان میں اسرائیلی یرغمالیوں کو نکالنے کے لئے آپریشن کی تیاریوں میں تھے۔
حملے میں ایک ریزرو میجر جنرل اور ایک سارجنٹ ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوئے، صیہونی فوج اور القسام کے درمیان کئی گھنٹوں تک پرتشدد جھڑپیں جاری رہیں جس کے باعث غاصب فوج کو اپنے زخمیوں اور مرنے والوں کو نکالنے میں کئی گھٹنے لگے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے سرکاری طور پر اعلان کردہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 571 ہو گئی ہے۔ 27 اکتوبر کو غزہ کی پٹی پر زمینی حملے کے آغاز کے بعد سے اب تک 234 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔