(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ مرنے والےتینوں اسرائیلیوں کو سات اکتوبر کے دن میفلسیم چوراہے پر مارا گیا تھا اور پھر ان کی لاشیں غزہ لے جائی گئیں تھیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب غزہ کے مشرقی علاقے جبالیہ میں اسرائیلی فوج کی 98ویں ڈویژن کی کمان میں یونٹ 504 کے تعاون سے ایک آپریشن کیا گیا جس میں تینوں مغویوں ہانان یبلونکا، مشیل نیزنبام اور اورین ہرنینڈز کی لاشوں کو برآمد کرلیا گیا ہے اور ان کے اہلِ خانہ کو اطلاع کر دی گئی ہے۔
فوج نے کہا کہ تینوں اسرائیلی شہری سات اکتوبر کو حملے کے دن میفلسیم چوراہے پر مارے گئے اور حماس کے اراکین ان کی لاشوں کو غزہ لے گئے ۔
واضح رہے کہ تقریباً 250 یرغمالیوں میں سے نصف کے قریب نومبر میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والی جنگ بندی کے دوران رہا کر دیئے گئے تھے، اسرائیل کہتا ہے کہ غزہ میں 100 کے قریب یرغمالی بدستور قید ہیں اور 30 کے قریب مغویوں کی لاشیں ہیں۔
گذشتہ روز برآمد ہونے والی لاشوں کے بعد جنگ کے آغاز سے لے کر آج تک برآمد ہونے والی لاشوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے ۔