(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب فوج نے غزہ میں 230 مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجےمیں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں فلسطینی شہید ہوئے جبکہ 1 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج کی جانب سے غزہ پر 77 ویں روز بھی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے ، غاصب فوج کے طیاروں نے رفح کراسنگ اور جبالیا کیمپ سمیت گزشتہ 24 گھنٹوں میں 230 مقامات پر شدید گولا باری کی۔
اسرائیلی فوج نے شجائیہ کے علاقے میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا، ذرائع کا کہنا ہےکہ رہائشی مکانات پر بمباری کے نتیجے میں 34 بچوں سمیت 55 فلسطینی شہید ہوئے۔
خان یونس کے یورپی اسپتال کے قریب بمباری سے متعددبچوں اور خواتین سمیت 62 فلسطینی شہید ہو گئے۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے دوران گرفتار فلسطینیوں کی تعداد بھی ساڑھے 4 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔