(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ میں اسرائیلی بمباری 23 ویں روز بھی جاری ہے، تازہ اسرائیلی فضائی حملوں میں بچوں سمیت 28 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل میں کام کرنے والے غزہ کے ہزاروں مزدور لاپتہ۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے 23 دنوں سے مقبوضہ فلسطین کےمحصورشہر غزہ پر مسلسل وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں اب تک تین ہزار سے زائد بچوں دو ہزار سے زائد خواتین سمیت آٹھ ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 22 ہزار سے زائد زخمی اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید سینکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے، وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دیرالبلا کی مسجد بلال بن رباح شہید ہوگئی، مسجد کے ساتھ بے گھروں کی پناہ گاہ بنے مکانات بھی کھنڈر بن گئے۔ اسرائیلی افواج نے بمباری کرکے غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا کی جانب آنے والے راستے بھی تباہ کردیے۔