(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) القسام بریگیڈ کا دعویٰ ہے کہ اس کے جانبازوں نے صیہونی فوج کے ایک قافلے کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایاجس میں صیہونی فوجیوں کی ہلاکتیں ہوئیں اور متعدد زخمی ہوئے۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج کے مظالم کےخلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز نے سماجی رابطوں کی ایپ ٹیلی گرام پر اپنے پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جانبازوں نے گذشتہ روز غزہ کے علاقے البریج پناہ گزین کیمپ کے شمال میں صیہونی فوج کے ایک پیدل اسکواڈ اور فوج کی گاڑیوں میں 4 بیرل بموں اور ایک اینٹی پرسنل "ٹی وی” ڈیوائس پر مشتمل بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا ۔
بارودی سرنگ کے پھٹنے سے اسرائیلی فوجیوں میں ہلاکتیں ہوئیں اور کئی صہیونی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ القسام کے جنگجوؤں نے وسطی غزہ کی پٹی میں البریج پناہ گزین کیمپ کے شمال میں "ال یاسین 105” شیل کے ساتھ اسرائیلی ڈی نائن بلڈوزر کو بھی نشانہ بنایا۔