(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ہفتے کی شام اسرائیلی فوج نے ایک بکتر بند انجینیرنگ پرسنل کیریئر کو غزہ میں رفح کے قریب پیش آنے والے حادثے کی مختصر تفصیلات جاری کیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی عبرانی نیوز ویب سائٹ یدیعوت احرنوت کی جانب سے اسرائیلی فوج کابیان شائع کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ مقامی سطح پر تیار کردہ نامر کیریئر کے ساتھ ہفتے کی صبح 5:15 بجے غزہ کے علاقے "تل السلطان” پناہ گزین کیمپ کے قریب سے گذرتے ہوئے پیش آیا تھا۔
فوج نے بتایا ہے کہ گیواتی بریگیڈ بٹالین کے انجینیرزکور کے قافلے پر حملہ کیا گیا ، بغیر پیشگی فائرنگ یا خطرے کی پیش گوئی کے بکتر بند گاڑی ایک زور دار دھماکے سے شدید نوعیت کی آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آگئی اور اس میں موجود تمام آٹھ اسرائیلی فوجی جل کر ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر کئی زخمی ہوئے ۔
یہ گاڑی قافلے میں شامل پانچویں یا چھٹی گاڑی تھی۔ گاڑی ایک خطرناک نوعیت کی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی تھی جس کے بعد مجاہدین نے اس پر راکٹ سے حملہ کیا۔