(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی فوج غزہ میں ہونے والے نقصان کی درست تفصیلات شائع نہیں کرتی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کا نقصان اعلان کردہ نقصان سے کئی گنا زیادہ ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں مزاحمت کاروں کے ساتھ جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کے افسران اور سپاہیوں سمیت مزید 8 فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں ہونے والے نقصان کے حوالے سے سخت سنسر شپ نافذ ہے جس کے باعث ہونےوالے حقیقی نقصان کی تفصیلات شائع نہیں کی جاتی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کو غیر معمولی جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جو اسرائیل کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ 7 اکتوبر سے اب تک 3,294 فوجی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 1,583 فوجی زمینی لڑائی کے دوران زخمی ہوئے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ غزہ پر جنگ کے آغاز سے اب تک 512 افسران اور سپاہی شدید زخمی ہوئے ہیں اور 258 افسر اور سپاہی غزہ میں زخمی ہونے کے بعد اب بھی زیر علاج ہیں جن میں سے 24 کو شدید زخم آئے ہیں۔