(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) صہیونی بمباری کےنتیجے میں17 لاشیں تباہ شدہ کیمپ سے نکالی گئی ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی کے وسطی حصے میں صہیونی فوج کی جانب سے ہونے والی تازہ ترین جارحیت کےنتیجے میں غزہ کے پناہ گزین کیمپ البریج میں 17 بے گھر پناہ گزین فلسطینیوں کو بمباری کر کے شہید کردیاگیا ہے۔
غزہ میں بمباری کا یہ وحشیانہ واقعہ پیش آنے کے بعداسرائیلی فوج نےموقف اختیار کیا ہے کہ اس نے حماس کے جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو ٹارگیٹ کیا تھا۔ غزہ میں موجود فلسطینی شہری دفاع کی ٹیم نے اسرائیلی بمباری کے بعد 17 لاشیں تباہ شدہ کیمپ سے نکالی ہیں جن میں بچوں کی لاشیں بھی شامل ہیںتاہم درجنوں زخمیوں کو فوری طور پر ملبے سے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
صہیونی فوج کی اسی بمباری کے دوران عبدالھادی نامی فلسطینی کے خاندان کے افراد بھی تین منزلہ عمارت کے بمباری کی زد میں آنے سے شہید ہوئے ہیں، اس عمارت پر اسرائیلی فوج نے میزائل فائر کیے تھے۔
مزید اطلاعات کے مطابق صہیونی جنگی طیاروں نے البریج پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا جس کے باعث کیمپ پر کی گئی بمباری سے شہیداور زخمی ہونے والوں کو نصیرات کے العودہ ہسپتال اور دیر البلاح الاقصیٰ شہدا منتقل کیا گیاہے العودہ ہسپتال نے شہادتوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ صہیونی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں بھی بمباری جاری رکھی ہے جبکہ جبالیہ میں بمباری کا تازہ سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے۔ جبالیہ میں اسرائیلی فوج نے زمینی حملہ بھی شروع کر رکھا ہے۔