(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ پر صیہونی دہشتگردی کے باعث غذائی قلت اور خوراک کی کمی کے باعث 3500 سے زائد فلسطینی بچے موت کی دہلیز پر پہنچ گئے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کے بین القوامی ادارے المیزان کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے آٹھ ماہ سے جاری وحشیانہ بمباری کے باعث 37 ہزار سے زائد فلسطینی شہید کئے جاچکے ہیں جن میں 15,517 بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکےہیں جس کے باعث 17,000 سے زائد فلسطینی بچے اپنے والدین یا ان میں سے کسی ایک کے بغیر رہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ نے فلسطینی بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور قتل عام کے باعث غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کو بلیک لسٹ ( لسٹ آف شیم ) میں شامل کردیا ہے جس کے جواب میں اسرائیل میں بہت غم اور غصہ دیکھنے کو ملا ہے۔