(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) "جو ممالک نہتے فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی دشمن کی حمایت کرتے ہیں وہ بچوں، خواتین اور شہریوں کے قتل میں شریک ہیں۔”
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے صیہونی ریاست کی جانب سے محصور شہر غزہ پر گذشتہ 10 روز سے جاری وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ہونے والے ناقابل تلافی نقصان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں اسرائیل نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایاہے شہید ہونے والوں میں ایک ہزارفلسطینی بچے شامل ہیں ۔
انھوں نے بتایا کہ اعدادوشمار کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک 2,670 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔جبکہ 9,600 زخمی ہیں۔ شہید ہونے والوں میں ایک ہزار کے قریب بچے اور 458 خواتین جبکہ زخمیوں میں 2450 بچے اور 1536 خواتین شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر فلسطینیوں کے لیے انصاف کے مطالبے میں ایک ہزار نہتے اور معصوم بچوں کی شہادت قابض ریاست کے خلاف بہت بڑا ثبوت ہے۔
حازم قاسم نے کہا کہ "جو ممالک اس کی جارحیت میں قابض دشمن کی حمایت کرتے ہیں وہ بچوں، خواتین اور شہریوں کے قتل میں شریک ہیں۔”تمام ممالک، اداروں اور بین الاقوامی اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے اعلان کردہ اقدار اور اصولوں کی پاسداری کریں۔ غزہ میں بچوں کے اس کھلے اور مسلسل قتل کی مذمت کریں اور دشمن کو لگام لگوائیں۔