(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) الشیخ اسماعیل نواھضہ نے کہا کہ قبلہ اول کے دفاع اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے فلسطینی قوم کو، مسلم امہ اورعرب اقوام کو اپنی صفوں میں اتحاد اوریکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قبلہ اول کے خطیب و امام الشیخ اسماعیل نواھضہ نے مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کے دوران فلسطینی مسلمانوں کی رمضان المبارک میں قبلہ اول کی خاطر صہیونی شر انگیزی اور فوج کے مظالم برداشت کر کے مسجد اقصٰی کے ساتھ اپنے تعلق کو نبھایا ہے وہ قابل تعریف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مسلمانوں نے جس مذہبی جذبے کے ساتھ ماہ صیام میں قبلہ اول کو آباد کیا ہے، وہ تسلسل باقی مہینوں میں بھی برقرار رہنا چاہیےاور قبلہ اول کے دفاع اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے فلسطینی قوم کو، مسلم امہ اورعرب اقوام کو اپنی صفوں میں اتحاد اوریکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے قابض ریاست میں اندرونی اور بیرونی بحران پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسرائیل جلد زوال پذیر ہونے والا ہے اور بیت المقدس پر طاری شب تاریک جلد صبح روشن میں تبدیل ہوگی اس لیے فلسطینی مسلمان اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں اور قبلہ اول سے اپنا ربط بنانے میں مثالی کر دار ادا کریں تاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یا جاسکے۔
الشیخ نواھضہ نے اپنےخطاب میں کہا کہ دشمن بیت المقدس کے تاریخی اور دینی مقامات کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے تاکہ مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کی اجارہ داری مسلط کرنے اور مسریٰ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر دھاوؤں کی راہ ہموار کی جاسکےہمیں ان سازشوں کو ہر صورت ناکام بنانا ہو گا۔