(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) آخری اطلاعات تک قابض فوج نے ایک اور نوجوان حسن حماد کو اپنی گولیوں کا نشانہ بناکر بے رحمی سےشہید کر دیا ہےجس کے بعد گذشتہ رات سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قابض صہیونی ریاست میں اسرائیلی فوج کی انتقامی کارروائیاں شدت اختیار کرگئی ہیں جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینیوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں ہیں جبکہ قابض فوج نے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے جن میں مقبوضہ مغربی کنارے میں سلواد کےمقام پر 20 سالہ عمر محمد علیان صہیونی فوج کی گولیوں کا نشانہ بنا جبکہ بیت الحم میں حوسان کے علاقے میں 14 سالہ محمد قصی حمامرہ کو بے دردی کے ساتھ شہید کرنےکے بعد اس کی لاش بھی قبضے میں لے لی گئی۔
اسرائیلی قابض فوج نے آج صبح شروع ہونے والی جھڑپوں کے دوران شمالی علاقے قلقیلیہ میں کفر دان گاؤں سے شاس کمجی اور مسیلیہ کے مقام پر مصطفیٰ ابو الرب کو فائرنگ کر کے شہید کیا۔
اب تک کی موصول ہونے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے ایک اور نوجوان حسن حماد کو اپنی گولیوں کا نشانہ بناکر بے رحمی سےشہید کردیا ہےجبکہ کئی علاقوں میں قابض فوج کی طرف سے فلسطینیوں پر غیر قانونی فائرنگ اور قتل عام کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی قبضے نے مقبوضہ مغربی کنارے پر اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چند روز سے اب تک ایک درجن فلسطینیوں کو زخمی اورشہید کیا ہے جبکہ سینکڑوں بے گناہوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔