(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے فوجیوں نے قلقیلیہ کے مشرق میں واقع "الفندق” گاؤں کے قریب غیر قانونی صیہونی بستی”کیدومیم” کے نزدیک فائرنگ کی ایک کارروائی کے وقوع ہونے کی اطلاع دی ہے۔ اسرائیلی ایمبولینس سروس نے ایک بیان میں کہا کہ اس کارروائی کے نتیجے میں ستین اسرائیلی ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی ایمبولینس سروس کے مطابق، دو خواتین جن کی عمریں 60 کی دہائی میں ہیں، کی حالت بہت نازک ہے، جبکہ چار دیگر زخمیوں کے زخموں کو درمیانے درجے کا قرار دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، فائرنگ ایک بس اور ایک گاڑی کی طرف کی گئی تھی۔ اسرائیلی فوج کی ریڈیو نے "ایکس” پر یہ اطلاع دی کہ کارروائی کے مرتکب افراد موقع سے فرار ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق، اس کارروائی کے بعد غیر قانونی صیہونی فوج نے قریبی گاؤں "الفندق” اور اس کے آس پاس کے دیگر گاؤں کی داخلی راستوں پر سخت ناکہ بندی لگا دی۔ انہوں نے اہم اور فرعی سڑکوں کو بند کر دیا اور علاقے میں مکمل طور پر داخلے اور اخراج پر پابندی عائد کر دی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ غیر قانونی صیہونی فوج نے اپنے فوجی اقدامات کو سخت کر دیا اور علاقے میں چیک پوسٹس قائم کر دیں تاکہ کارروائی کرنے والے افراد کا پیچھا کیا جا سکے، جو کہ موقع سے فوراً فرار ہو گئے تھے۔