(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کے خلاف صہیونی آبادکاروں کے تشدد اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے "ضرورت سے زیادہ طاقت” کے استعمال کی مذمت کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں مقبوضہ بیت المقدس اورمقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی فورسز کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے خؒاف طاقت کے بدترین استعمال اور غیر قانونی صہیونی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر مسلح حملوں پر تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاستی جبر نے رواں سال کو خونریز ترین سال بنا دیاہے۔ اس دوران فلسطینیوں کے خلاف آباد کاروں کے تشدد میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر سے جاری کردہ بیان پر 1967 سے مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر انسانی حقوق کی صورتحال پر خصوصی نمائندے فرانسسکا البانیس، ماورائے عدالت، خلاصہ یا من مانی سزائے موت پر خصوصی نمائندے موریس تبل بینز اور پرامن اجتماع کی آزادی کے خصوصی نمائندے نے دستخط کیے ۔
جاری کردہ بیان کے مطابق "صہیونی قابض فوج نے اس سال کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے میں 150 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا ہے، جن میں 33 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ اور آباد کاروں نے دو فلسطینیوں کو شہید اوردرجنوں کو زخمی کرنے کے ساتھ ساتھ سیکڑوں املاک کو نقصان پہنچایا ۔