(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) یمن کی مزاحمتی تحریک نے اعلان کیا ہے کہ بحیرہ احمر کےبعد بحیرہ روم میں بھی اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بنائیں گے اوریہ اس وقت تک جاری رہے گاجب تک غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی ختم نہیں ہوجاتی۔
غیرملکی میڈیا ذرائع کے مطابق حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساری نے گذشتہ روز اعلان کیا ہے کہ ان کی فوج نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف اپنی کارروائیوں کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ، انھوں نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کی طرف جانے والا جو بھی جہاز ہماری رسائی میں آئےگا اسے نشانہ بنائیں گے۔
یحییٰ ساری نے کہا کہ یہ فیصلہ اسرائیل کے رفح پر حملہ کرنے کی وجہ سے کیا گیا اور یہ حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی ختم نہیں ہوجاتی ہے۔
واضح رہے یمن کے حوثی غزہ پر اسرائیلی حملہ ہونے کے بعد پہلے بھی اپنی حدود سے گزرنے والے بحری جہازوں پر حملے کرتے رہے ہیں اور بہت سے جہازوں کو عملے سمیت قبضے میں بھی لیا گیا۔اسی سال مارچ میں یمن کے حوثیوں نے خلیج عدن میں کمرشل جہاز پر میزائل حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 سویلین میرین ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے تھے جب کہ سال 2024 کے پہلے ماہ میں بھی حوثیوں نے بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہاز کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا تھا جس کی امریکی فوج تصدیق کی تھی۔