(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی ریاست نے فلسطینی اتھارٹی کو مالی، سیاسی اور اقتصادی طور پر "تباہ” کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے تیاریوں کی ہدایت کردی گئی۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کو مفلوج کرنے کیلئے تجاویز طلب کی ہیں جس کے جواب میں ابتدائی طورپر اتھارٹی کو مالی اور سیاسی طورپر مفلوج کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے۔
صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے وزیر انصاف یاریو لیون کو فلسطینی اتھارٹی کے خلاف پابندیوں کا ایک پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جس میں اتھارٹی کو مالی، سیاسی اور اقتصادی طور پر "تباہ” کرناشامل ہے، نیتن یاہو نے ان اقدامات کو عملی جامہ پہنچانے کیلئے آج ایک اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ محمود عباس کی زیرسرپرستی فلسطینی اتھارٹی فلسطینیوں کے حقوق کی علمبردار کہلاتی ہے تاہم اتھارٹی اسرائیلی مفادات کا فلسطینیوں سے زیادہ خیال رکھتی ہے اور عالمی سطح پر اسرائیل ہی کی پالیسیز کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرتی ہے۔
حالیہ ایک سال کے دوران فلسطینی اتھارٹی نے ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا جن میں اکثریت فلسطینی مزاحمت کاروں کی تھی ، ان کو گرفتار کرکے اسرائیلی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔