(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) نئے وزیرِ اعظم کو غزہ کی پٹی کی امداد اور تعمیرِ نو کی قیادت اور فلسطینی اتھارٹی کے اداروں میں اصلاحات کا نفاذ تفویض کیا گیا ہے۔
فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی وفا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ کے استعفیٰ کے بعد اتھارٹی کے نئے وزیراعظم کے طورپر ماہر معیشت محمد مصطفیٰ کو نیا وزیراعظم منتخب کردیا ہے۔
مصطفیٰ کی تقرری اس دباؤ کے بعد عمل میں آئی ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی گورننگ باڈی میں اصلاحات کی جائیں اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اس کی حکمرانی کو بہتر بنایا جائے جو اس کا مرکز ہے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ نئے وزیرِ اعظم کو غزہ کی پٹی کی امداد اور تعمیرِ نو کی قیادت اور فلسطینی اتھارٹی کے اداروں میں اصلاحات کا نفاذ تفویض کیا گیا ہے۔
فلسطینی اٹھارٹی جس پر فتح سیاسی جماعت کا غلبہ ہے، اس کا 2007 تک غزہ پر انتظامی کنٹرول تھا جب حماس نے مقبوضہ علاقوں میں 2006 کے قانون ساز انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور اسے پٹی سے نکال دیا۔ اس کے بعد سے حماس نے غزہ پر حکومت کی ہے اور پی اے اسرائیل کے زیرِ قبضہ مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر حکومت کرتی ہے۔