(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب فوج نے اس کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ شہید ہونے والے تینوں فلسطینی مزاحمت کار تھے اور صیہونیوں کے قتل میں ملوث تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے علاقے غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں غاصب صیہونی فوج نے ڈرون سے ایک کار پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کار میں موجود تین فلسطینی شہید ہوگئے۔
نامہ نگاروں نےبتایا کہ "اسرائیلی فوج نے ایک اسرائیلی فوجی پوائنٹ پر فائرنگ کے حملے کے بعد الجلمہ چوکی کے قریب فلسطینی مزاحمت کاروں کے ایک سیل کو نشانہ بنایا۔
اسرائیل کے عبرانی چینل 14 کی رپورٹ کے مطابق حملے میں ’ہیرمز450‘ ڈرون کا استعمال کیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق "کار کو نشانہ بنانے کے واقعے میں کم سے کم 3 فلسطینی شہید ہوئے۔” اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ فوج نے تین رکنی مزاحمتی سیل کو جو کارمیں سفر کررہا تھا انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نشانہ بنایا۔
قبل ازیں جنین میں کار کو نشانہ بنانے کے مقام کے قریب اسرائیلی فوج اور فلسطینی بندوق برداروں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کا نشانہ بننے والا فلسطینی گروپ ماضی میں یہودی آباد کاروں اور فوج پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے "دہشت گردوں کے ایک سیل کو ختم کر دیا جس نے یہودا اور سامریہ میں اسرائیلی قصبوں کی طرف فائرنگ کی کارروائیاں کی تھیں۔”