(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے شوریٰ کونسل کے چیئرمین محمد درویش کی قیادت میں مزاحمتی تحریک کے وفد سے ملاقات کی ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مزاحمتی تحریک کے دفتر کے دورے کے دوران وفد سے ملاقات میں ترک وزیر خارجہ نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت، فلسطینیوں کے خلاف صیہونی ریاست کے منظم جنگی جرائم اور فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد درویش نے شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں انسانی بحران اور قتل عام کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے فلسطینی علاقوں اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جارحیت اور قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کا بھی ذکر کیا۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اس موقع پر فلسطین کے حوالے سے ترکی کے اصولی موقف کو دہرایا اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے ترکی کی سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے کا عہد کیا۔