(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطینی اراضی پر صیہونی بستیوں کی غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے، فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی سرگرمیاں بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تعمیرات کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتےہوئے کہا ہے کہ اسرائیل فوری طورپر فلسطینیوں کی زمینوں اور وسائل پر قبضہ بند کرے۔
سلامتی کونسل سے اپنے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی زمین یا وسائل پر قبضے سے گریز کرے ، سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی سرگرمی جس کے نتیجے میں بستیوں کی تعمیر ہوتی ہے بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ، سال کے آغاز سے، اسرائیلی حکومت نے یکطرفہ اقدامات جیسے کہ لوگوں کی نقل مکانی، نئی بستیوں کی تعمیر، اور سابقہ بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ یروشلم میں مقدس مذہبی مقامات کی تاریخی حیثیت کا احترام اور اسے برقرار رکھا جانا چاہیے۔