(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) خالد الازبط نے کہا کہ صیہونی وزیراعظم کا دورہ بحرین، بحرینی عوام کے دل میں خنجر کی مانند ہے کہ جو صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے مخالف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کی عوامی مزاحمتی تحریک کے ترجمان خالد الازبط نے اپنے ایک بیان میں صہیونی ریاست کے بحرین کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کےبعد صہیونی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے دورہ بحرین پر عوامی احتجاج کے حوالے سے کہا کہ ناجائز صیہونی ریاست کے وزیراعظم کا دورہ بحرین، بحرین کے عوامی انقلاب کے دل میں خنجر ہے کہ جو صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے مخالف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں بلکہ تمام عالم اسلام کا مسئلہ ہےایسے میں مسلم ملک بحرین کے حکام کا صہیونیوں سے مراسم بڑھانا آل خلیفہ کی بحرین پر ظالم اور جابر حکومت کے جرائم کے ریکارڈ میں ایک اور بڑے جرم میں اضافے کے برابر ہے۔
خیال رہے کہ بحرین سمیت چند دیگر عرب ریاستوں نے قابض ریاست اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاہدہ ابراہیمی پر دستخط کر دیے ہیں تاہم بحرین اور ان ریاستوں میں عوام کی جانب سے تاحال اسرائیل کو قابض ریاست قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ جاری ہے۔