(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی حکومت مسجد الاقصی پر تلمودی رسومات کو مسلط کرنے کی کوشش کر نے کے ساتھ ساتھ قبلہ اول پر اردن کی سرپرستی کو منسوخ کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر صیہونی جرائم پر نظر رکھنےوالی کمیٹی کے رکن راسم عبیدات نے انکشاف کیا ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے نیچے خفیہ انداز میں جاری کھدائی باب الرحمہ نمازگاہ کو حقیقی خطرہ لاحق ہے۔
انھوں نے بتایاکہ غاصب صیہونی حکام قبلہ اول کا مصلیٰ باب الرحمہ جو مسجد اقصیٰ کے ایک تہائی حصے کی نمائندگی کرتا ہے پر اپنی علمداری قائم کرنا چاہتے ہیں اور اس کےلئےانھوں نے القدس کے فلسطینی مسلمانوں کو باب الرحمہ قبرستان تک پہنچنے سے روکنے پر کام شروع کردیا ہے۔
راسم عبیدات نے بتایا کہ فلسطینی عوام کسی صورت بھی صیہونی اقدامات کو قبول کرنے پر تیار نہیں ہیں فلسطینی عوام جلد ہی یروشلم اور الاقصیٰ کے عنوان سے قابض ریاست کے خلاف جنگ کے سائے میں اٹھیں گے۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ فاشسٹ صہیونی حکومت مسجد الاقصی کے اندر اپنی تلمودی رسومات کو مسلط کرنے کی کوشش کر نے کے ساتھ ساتھ اس پر اردن کی سرپرستی کو منسوخ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
قابض حکام مسجد اقصیٰ کے ارد گرد کے تمام علاقوں میں زمین کے اوپر اور نیچے کھدائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مسجد اقصیٰ کے نیچے سرنگوں کی تعمیر کے علاوہ یہودی آثار قدیمہ کی تلاش کی آڑ میں کھدائیاں جاری ہیں۔