(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ اور لبنان کی سرحدوں پر تقریباً 11 ماہ سے جاری جنگ کے دوران اگست کا مہینہ ” صیہونی ریاست ” کے لیے "خونی ترین” مہینہ ثابت ہوا ہے۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف عبرانی اخبار "معاریف” نے اپنی رپورٹ میں صیہونی فوج کی جانب سے اعتراف کو رپورٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ اگست اسرائیلی فوج کےلئے خونی رہا ، اس مہینےمیں غزہ اور لبنان کے ساتھ شمالی سرحد میں 15 اسرائیلی فوجی مارے گئے جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوئے۔
بدھ کے روز، غاصب فوج نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں مزاحمت کاروں کے ہاتھوں ایلیٹ نہال بریگیڈ کی 932ویں بٹالین کے ایک نئے فوجی کی ہلاکت کا اعتراف کیا، ہلاک ہونے والا شخص امیت فریڈمین اسف فریڈمین کا بیٹا ہے جو کہ کنیسٹ کے رکن اور اس کی خارجہ امور اور سلامتی کمیٹی کے ڈائریکٹر ہیں۔
چند روز قبل قابض "فوج” کے اہلکاروں کے 6 جنازے ادا کیے گئے ، جن میں سے 5 غزہ کی پٹی میں تمام محاذوں پر جاری لڑائی کے نتیجے میں مارے گئے، اور ایک شمال میں مارا گیا، اس طرح، "الاقصیٰ آپریشن ” کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 703 تک پہنچ گئی، جن میں سے 339 غزہ کی پٹی میں زمینی لڑائی کے آغاز کے بعد مارے گئے، ان اعداد و شمار کے مطابق جن کی قابض فوج نے اجازت دی تھی۔
دریں اثنا، قابض "فوج” ابھی تک حزب اللہ کی کارروائیوں کے نتیجے میں اپنی افواج کے نقصانات کو چھپا رہی ہے، جو غزہ اور اس کی مزاحمت کی حمایت میں 8 اکتوبر 2023 سے جاری ہیں۔