(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی وزیراعظم نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غزہ کو کھنڈرات میں بدل دیں گے ، جواب میں حماس کاکہنا ہے کہ اس نے صیہونی دشمن کے خلاف اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں، تاہم اگر جنگ طول پکڑتی ہے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ آج چوتھے روز میں داخل ہوگئی ہے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے سرکاری ٹی وی پر اپنی تقریر میں اعلان کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ غزہ پر ہمارے حالیہ حملے صرف آ غاز ہیں۔ ہم حماس کے ساتھ جنگ کا حل نکالیں گے ہم غزہ کو ایسے کھنڈر میں بدل دیں گے جس کی امید نہیں کی گئی ہوگی۔
انہوں نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ اسرائیل کے اندر مزید فلسطینی عسکریت پسندوں کی موجودگی کی تصدیق کے باوجود ان کی افواج حماس کے ساتھ جنگ کو حل کریں گی، انہوں نے کہا ہمارا پہلا قدم غزہ کی پٹی کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنا تھا۔ دوسرا اس پٹی پر شدید حملہ کرنا تھا جو اس وقت ہو رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں اسرائیلی افواج جو کچھ کریں گی اس کی بازگشت آنے والی نسلوں تک رہے گی۔
صیہونی وزیراعظم کی دھمکیوں کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل کے خلاف تازہ آپریشن میں اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں،لیکن اگر جنگ طول پکڑتی ہے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔
حماس کا کہنا تھا کہ ہمیں صیہونی دشمن کی دھمکیوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہم موت کو تلاش کرتے ہوئے اپنے مقاصد حاصل کررہے ہیں تاہم حماس اپنے مقاصد حاصل کرنے کے بعد اسرائیل کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی کے بارے میں بات چیت کے لیے تیار ہے۔ ہم تمام سیاسی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ "