(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) "انصار الله” کے سربراہ "کا کہنا ہے کہ ہم ہمیشہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مقابلے میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یمن کی مزاحمتی تحریک انصار الله کے ترجمان "محمد عبدالسلام” کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی” کے صنعاء میں نمائندے "احمد برکہ” نے آج دوپہر "انصار الله” کے سربراہ "سید عبدالمالک الحوثی” سے ملاقات کی۔
انھوں نے بتایا کہ یمنی مقاومت کے سربراہ نے اس ملاقات میں اس امر پر زور دیا کہ فلسطین کاز پر ان کا موقف واضح ہے اور ہم ہمیشہ اسرائیل کے مقابلے میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر سید عبدالمالک الحوثی نے صیہونی حکومت کے خلاف مسلسل جدوجہد و "جنگ احرار” نامی حالیہ کارروائی میں فلسطینی مقاومتی گروہوں اور جہاد اسلامی کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یمنی عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور وہاں کی مقاومتی تحریکوں کی ہر طرح سے مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ دوسری جانب جہاد اسلامی کے نمائندے نے ملت یمن کی جانب سے فلسطین کاز کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین پر سید عبدالمالک الحوثی کے کردار اور دلیرانہ موقف کو سراہا۔