(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) نوآبادیاتی ادارے کھجوروں کی اپنی صنعت اس انداز میں تیار کرتے ہیں جس میں کھجور کو توڑنا اور پیک کرنا بہت مشکل کام ہےاور وہ یہ کام کم اجرت پر فلسطینی مزدوروں اور ان کے معصوم بچوں سے کر واتے ہیں۔
عالمی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں قابض صہیونی ریاست کے مظلوم فلسطینیوں پر جاری مظالم کے خلاف ہر سال ماہ رمضان میں اسرائیل سے برآمد کی گئی کھجور کو بائیکاٹ کر کے فلسطین کی حمایت میں اسرائیل مخالف مہم کاآغاز کیا جاتا ہے جس میں اسرائیل سے آنے والی 20 کروڑ ڈالر مالیت کی کھجوروں کے استعمال سے روک کر صہیونی حکمرانوں کو پہنچنے والے فائدے کو روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
مہم میں امریکی عوام کو پیغام دیا جاتا ہےکہ اگر آپ فلسطینیوں کی نسل کشی اور ان کے تباہ شدہ گھروں پر بستیاں تعمیر کرنے کی مخالفت کرتے ہیں تو اسرائیلی کھجوروں کا بائیکاٹ کریں۔
دوسری جانب قابض ریاست میں صہیونی نوآبادیاتی ادارے کھجوروں کی اپنی صنعت اس انداز میں تیار کرتے ہیں جس میں کھجور کو توڑنا اور پیک کرنا بہت مشکل کام ہےاور وہ یہ کام کم اجرت پر فلسطینی مزدوروں اور ان کے معصوم بچوں سے کر واتے ہیں ،یہ ان کاموں کے لیے فلسطینی بچوں کو ملازمت دینے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ وہ تیزی سے درختوں پر چڑھتے ہیں، زیادہ کام کرتے ہیں جبکہ بدلے میں صہیونی آبادکار انہیں کم اجرت دے کر ذلیل کرتے ہیں ،غریبی فلسطینی خاندانوں کو مجبور کرتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو آباد کاروں کے حوالے کرکے کچھ پیسے کماسکیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں اسرائیلی کھجوروں کے بائیکاٹ کی یہ مہم پچھلے کئی سالوں رمضان المبارک کے مہینے میں شروع کی جارہی ہےجس سے اسرائیل جو کھجوروں کے دنیا کے پانچ بڑے اکسپورٹرز میں سے ایک ہےکی درآمدات کو نقصان پہنچتا ہے۔