(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) جنین میں القسام اور القدس بریگیڈ کی مشترکہ پریڈ نے صہیونی فوج کی جانب سے طاقت کے بدترین استعمال کو چیلنج کیا ہے، اسرائیلی عسکری تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مزاحمت کاروں کی جانب سے مغربی کنارے میں عسکری پریڈ اسرائیل کی سلامتی پر سوالیہ نشان ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں مزاحمتی تحریک حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ اور اسلامی جہاد کے مسلح ونگ القدس بریگیڈ سے وابستہ درجنوں فلسطینی مزاحمت کاروں نے جنین پناہ گزین کیمپ میں عسکری پریڈ کا اہتمام کیا۔
مزاحمت کاروں نے مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ مسجد اقصیٰ کے تقدس اور فلسطینی شہریوں کی پامالی برداشت نہیں کی جائے گی اور جب موقع ملے کا اس کابھرپور انتقام لیا جائے گا۔
دوسری جانب صہیونی مڈیا نے اسرائیلی عسکری تجزیہ کاروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مزاحمت کاروں کا جنین میں فوجی پریڈ کرنا صہیونی ریاست کی سلامتی پر سوالیہ نشان ہے ۔
جنین میں مزاحمت کاروں کی یہ پریڈ جنین بریگیڈ کے ممتاز کمانڈر فاروق سلامہ کی شہادت کے چالیسویں روز منعقد کی گئی تھی اس لیے مزاحمت کاروں نے اپنے اس کمانڈر کی یاد میں جنین کیمپ کے کے گلی کوچوں میں بھی مارچ کیا اور کمانڈر فاروق سلامہ کے راستےپر چلتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ۔