(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل کے مرکزی ایئرپورٹس حماس کے خوف سے بند، مختلف ممالک نے اپنے شہریوں کو صیہونی ریاست کو فوری طورپر چھوڑنے کی ہدایات جاری کردیں۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان کےمطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملوں طوفان الاقصیٰ آپریشن میں جہنم واصل ہونے والے صیہونیوں کی تعداد 1300 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد2900 سےآگے نکل گئی ہے، زخمیوں میں اکثریت کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کی امید ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن میں 22 امریکی شہریوں اور 188 اسرائیلی فوجی حماس کی کارروائیوں میں مارے جاچکے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کی فوٹیج جاری کردی ہے۔ حماس کے حملوں کے بعد اسرائیلی حکام نے تل ابیب کا بین گورین ائیرپورٹ سمیت دیگر شہروں کے ایئرپورٹس کو معمول کی پروازوں کیلئے بند کردیا ہے جبکہ اسرائیل کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر مختلف ممالک نے اپنے شہریوں کوفوری طورپر اسرائیل چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ اسرائیلی میڈیا نے تل ابیب سمیت دیگر شہروں میں کئی اہداف کو نقصان پہنچنے کا بھی اعتراف کرلیا ہے۔