(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) کتاب اللہ کی توہین ایک قابل مذمت اور مسترد شدہ فعل ہے جو دہشت گردی اور نسل پرستی کی اعلیٰ ترین سطح کی نمائندگی کرتا ہے اور لوگوں کے عقائد اور عبادات کو متاثر کرتا ہے۔
لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ” یہودی آباد کار گروہوں کی طرف سےفلسطین میں مساجد کی بے حرمتی اور قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے مذموم افعال قابل مذمت، ناقابل معافی اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات تمام مذہبی، انسانی اور اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی ہے۔”
حزب اللہ نے مسلمان ممالک اور عرب حکومتوں اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں مساجد اور قرآن پاک کی منظم انداز میں ہونے والی بے حرمتی کے واقعات پر آواز بلند کریں اور اس طرح کے مکروہ اقدامات کا تدارک کرائیں۔
حزب اللہ نے مزید کہا کہ خدا کی کتاب کی توہین ایک قابل مذمت اور مسترد شدہ فعل ہے جو دہشت گردی اور نسل پرستی کی اعلیٰ ترین سطح کی نمائندگی کرتا ہے اور لوگوں کے عقائد اور عبادات کو متاثر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو سوشل میڈٰیا پر نشر ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ یہودی آباد کاروں کا ایک گروپ نابلس کے جنوب میں واقع گاؤں عوریف میں ایک مسجد پر حملہ کرتا ہے۔ ان کے ساتھ پولیس کتے بھی ہیں،اس موقعے پر انہوں نے قرآن پاک کے نسخے اٹھائے اور ان کے اوراق پھاڑ ڈالے۔