(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) افغانستان میں انسانی حقوق کے دفاع اور فلسطین کاز کے لئے سرگرم عمل پیغمبر اعظم ﷺ فاؤنڈیشن کے سربراہ حسین ہادی نے کہا ہے کہ افغانستان کے عوام خطے میں اسرائیلی منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے ملاقات کے دوران کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ خطے کی تمام عوام کا دشمن ہے اور خطے میں بد امنی اور دہشت گردی کا موجد ہے۔
پیغمبر اعظم ﷺ فاؤنڈیشن افغانستان کے رہنما کا کہنا تھا پاکستان اور افغانستان دو برادر اور ہمسایہ ہیں اور مشکل وقت میں پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل چاہتے ہیں کہ افغانستان میں بد امنی ہو اور اسی طرح سرحدی ممالک بالخصوص پاکستان اور ایران سمیت دیگر مقامات پر بد امنی اور انارکی کے ذریعہ ناپاک عزائم حاصل کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم افغانستان میں امریکہ اور اسرائیل کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنما ڈاکٹرصابر ابو مریم نے کہا کہ پاکستان کئی سالوں سے امریکی و صہیونی سازشوں کا نشانہ ہے لہذا ہماری کوشش رہی ہے کہ پاک وطن کو دشمن کی سازشوں سے محفوظ رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صہیونی لابی کی سرگرمیاں قابل تشویش ہیں تاہم پاکستان کے عوام کسی بھی اسرائیل حمایت یافتہ اقدام کے خلاف سخت مزاحمت کے لئے تیار ہیں اور صہیونی لابی کے آلہ کاروں کے لئے پاکستانی زمین تنگ کر دی جائے گی۔
انہوں نے افغانستان میں حالیہ زلزلہ میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تمام تر ہمدردیاں اور یکجہتی افغانستان کے عوام کے لئے ظاہر کیں اور کہا کہ مشکل وقت اور مصیبت کے ان ایام میں پاکستانی قوم ہمیشہ کی طرح اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہے۔
اس موقع پر افغان رہنما نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور باہمی تعاون کے ساتھ خطے میں امریکی و صہیونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کا عزم کیا۔