(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صیہونی ریاست کی خفیہ ایجنسی نے چار بے گناہ فلسطینیوں پر دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ کا سنگین الزام لگاتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرئیل کے معروف اخبار اسرائیل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی اندرونی سیکیورٹی کی ذمہ دار خفیہ ایجنسی شاباک نے کفر قدوم اور لود ھ کے ہائشی چار فلسطینی شہری احمد عیسیٰ، جلال خرسا، نوح آسام اور محمد عیسیٰ کو لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کےلئے کام کرنے اور اسرائیل میں دھماکہ خیز مواد منتقل کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر نت نئے انداز میں غیر قانونی رویہ رکھا جاتا ہے ان کے آبائی گھروں اور اسکولوں کو غیر قانونی قرار دیکر مسمار کرنا ، انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت بغیر کسی جرم کے سالوں قید رکھنا اور بغیر کسی وجہ کے شہر بدر کرنا ایک معمول بن چکا ہے۔