(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی سیکیورٹی فورسز پر مزاحمت کاروں کے حملوں کے بعد اسرائیلی حکام کا فلسطینی اتھارٹی پر شدید دباؤ تھا جس کے تحت فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینی باشندوں کی گرفتاریاں شروع کردی ہیں۔
مقامی ذرائع سے حاصل اطلاعات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی نام نہاد سکیورٹی فورس(عباس ملیشیا ) نے گذشتہ روز اسرائیلی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی نوجوانوں مصعب اشتیہ اور عمید طبیلہ کو اغوا کرنے کے بعد صہیونی حکام کے حوالے کردیا۔
عباس ملیشیا نےمقبوضہ بیت المقدس کے شہر نابلس کے قصبے سالم سے تعلق رکھنے والے دونوں نوجوانوں کو الرودہ کالج کے قریب النار سے اغواکیا ۔
دونوں نوجوانوں کو اغوا کرنے کے لئے عباس ملیشیا نے ایک چھاپہ مار کارروائی کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، نوجوانوں کے اغوا کے خلاف فلسطینی عوام میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں صہیونی فوج پر غیر معمولی طورپر تیز ہونے والی مزاحمتی کارروائیوں کے بعد اسرائیلی حکام کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی پر مزاحمت کاروں کو اغوااور گرفتار کرنے کےلئے دبا ؤ تھا جس کے تحت عباس ملیشیا نے فلسطینی مزاحمت کاروں کے خلاف کارروائیاں شروع کررکھی ہیں ۔