(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) امریکی و یورپی جامعات میں فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کی بازگشت پاکستانی جامعات تک بھی پہنچ گئی ہے، اور جامعہ کراچی میں غزہ کے مظلومین کے حق میں ’’دیوار یکجہتی‘‘ قائم کردی گئی ہے۔
یہ دیوار یکجہتی جامعہ کراچی کی معروف آرٹس لابی میں فلسطین اکیڈمک فورم , فلسطین فاوؑنڈیشن پاکستان اور انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے اشتراک سے بنائی گئی ہے ، جہاں 33 میٹر لمبا بینر آویزاں کیا گیا ہے جس پر منگل کی صبح سے دستخطی مہم کا آغاز ہورہا ہے ۔
بدھ 15 مئی کو جامعہ کراچی میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں یکجہتی طلبا واک کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔
آرٹس لابی میں قائم کی گئی دیوار یکجہتی پر انگریزی زبان میں ” وال آف سولیڈیرٹی ،سٹوپ جینوسائٹ ان فلسطین وی سٹین ان سولیڈریتی وتھ فلسطینین” سمیت دیگر عبارتیں لکھی ہوئی ہیں جبکہ جامعہ کراچی کے نشان کے علاوہ پاکستان اور فلسطین کا پرچم بنا ہوا ہے جس پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اساتذہ، طلبا و ملازمین کے دستخط لیے جائیں گے۔