فلسطینی شہرمقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں فلسطینی مہاجرین کے ایک کیمپ میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے پر برہمی شہریوں نے صہیونی فوج پرحملے کیے ہیں
جن کے نیتجے میں کم سے کم نو یہودی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ ایک فوجی اہلکار پر چھریوں سے حملہ کیا گیا ہے جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینیوں اور یہودی فوجیوں کےدرمیان جھڑپیں منگل کی شام اس وقت ہوئیں جب قابض فوج نے شہرکے شمال میں شعفاط مہاجر کیمپ میں گرفتاریوں کے لیے چھاپہ مارا۔ قابض فوجیوں نے گھروں میں گھس کرنہ صرف چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا بلکہ خواتین اور بچوں کو زد و کوب کرتے رہے۔ اس کے رد عمل میں فلسطینیوں نے صہیونی فوجیوں پر پتھراؤ کیا۔ پتھراؤ کی زد میں آکر آٹھ یہودی فوجی زخمی ہوئے جبکہ ایک یہودی فوجی پر نامعلوم افراد نے اسی کیمپ میں چھریوں سے حملہ کیا۔ تمام یہودی فوجیوں کو درمیانے اور ہلکے نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ زخمی ہونے والے تمام فوجی بارڈر فورسز کے اہلکار بتائے جاتےہیں۔
صہیونی میڈیا نے بھی سرکاری سطح پر جاری رپورٹ میں شعفاط کیمپ میں نو یہودی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ فوجیوں پرحملہ اس وقت کیا گیا جب وہ تلاشی اور مطلوب افراد کو پکڑنے کے لیے کیمپ میں داخل ہوئے۔ اس پر مقامی باشندوں نے صہیونی فوج کا پتھروں سے استقبال کیا۔ قابض فوجیون نے تلاشی کی کارروائی میں کئی افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین