قابض صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطینیوں کو جبرا اپنے گھر مسمار کرانے کی ظالمانہ اور نسل پرستانہ پالیسی جاری ہے، صہیونی ریاست کے جبرو تشدد سے بیت المقدس کے فلسطینی خاندان اپنے ہاتھوں اپنے مکانات مسمار کرنے پر مجبور ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بیت المقدس کے رہائشی دو بھائیوں حاتم العباسی اور باسل العباسی کو سلوان میں موجود اپنا مکان خود مسمار کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اس سے قبل صہیونی بلدیہ نے عباسی خاندان کو ایک نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر اس نے اپنا مکان خود مسمار نہ کیا تو اسے مکان کی مسماری پر ہزاروں شیکل جرمانہ اور مکان مسماری کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ اس نے یہ مکان آج سے 20 سال پیشتر تعمیر کیا تھا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے متاثرہ فلسیطنیوں نے کہا کہ وہ صہیونی حکام کے آنے سے قبل اپنا مکان مسمار کرنے پر مجبور ہیں ورنہ انہیں خطیر رقم جرمانے کے ساتھ قید بھی برداشت کرنا پڑے گی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی فلسطینی کو صہیونی ریاستی جبروتشدد کے باعث اپنا مکان خود مسمار کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔