اقصٰی فائونڈیشن برائے اوقاف و ورثہ نے خبردار کیا ہے کہ مسجد اقصٰی کے نیچے اور اردگرد قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں کی جانیوالی کھدائیاں عالمی اداروں کی تنقید کے باوجود جاری ہیں۔
اقصٰی فائونڈیشن نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی کھدائیاں 60 میٹر کی گہرائیوں تک پہنچ گئی ہیں۔ مسجد کی مغربی دیوار کی بنیادوں میں پڑے درجنوں پتھر نکال لئے گئے ہیں۔
فائونڈیشن نے اسرائیلی اخبار کے حوالے سے بتایا کہ کھدائیاں جنوب مغربی کنارے سے شروع ہوکر شمال میں المغاربہ گیٹ اور دیوار براق کی جانب کی جارہی ہیں۔
اس موقع پر یورپینز برائے بیت المقدس کے چئیرمین یحییٰ عابد نے اسلامی تعاون تنظیم اور بیت المقدس کمیٹِ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسجد اقصٰی کی حفاظت کی ذمہ داری ادا کریں۔
عابد نے خبر رساں ادارے کو جاری کئے جانے والے ایک خط میں کہا ہے کہ یورپینز برائے بیت المقدس ایک ایسا اتحاد ہے جو کہ یورپ میں کام کرنے والے درجنوں سول اداروں پر مشتمل ہے اور اس کا مقصد یورپ میں موجود نوجوانوں کے اندر اسلامی اور عرب شخصیت کو ابھارنا ہے اور ان کے درمیان بیت المقدس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین