رپورٹ کے مطابق فلسطین کے طبی امدادی ادارے ہلال احمر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں جنازے کےجلوس پراسرائیلی فوج کی فائرنگ کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ بیان میں کہا گیاہے کہ فلسطینی شہری مغربی بیت المقدس میں قطنہ کے مقام پر شہید ہونے والے نوجوان یحییٰ طہ کی تدفین میں مصروف تھے کہ قابض فوجیوں نے ان پر گولیاں چلائیں اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ براہ راست گولیاں لگنے سے کم سے کم 7 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں ، چھ افراد دھاتی گولیوں کا نشانہ بنے جب کہ 37 زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ کے نتیجے میں بے ہوش ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جمعرات کو قطنہ قصبہ فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان میدان جنگ بنا رہا۔ جمعرات کو علی الصباح اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کیا تو شہری قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔