(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) شمالی غزہ پر اسرائیلی محاصرے کے 39 دن مکمل ہوگئے، بدترین محاصرے کے دوران صیہونی افواج نے 5 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کیلئے خوراک اور ادویات سمیت کسی بھی قسم کی امداد کی فراہمی پر سختی سے پابندی عائد کی ہوئی ہے۔
غاصب فوج نے آج شمالی غزہ میں اپنی نسل کشی کی کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے شدید گولہ باری اور توپ خانے کا استعمال کیا جس کے نیتجےمیں خواتین اور بچوں سمیت مزید کئی فلسطینیشہید ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج نے بیت حنون قصبے میں سیکڑوں فلسطینیوں کو پناہ گاہوں اور رہائشی علاقوں سے زبردستی بے دخل کرتے ہوئے کھلے آسمان تلے جانے پر مجبور کردیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے علاقے میں گھس کر بیت حنون قصبے میں پناہ گاہوں کے اندر موجود5 ہزار سے زائد خاندانوں کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا، اس دوران بندوق کی نوک پر زبردستی بے گھر کرنے پر مجبور کیا۔ فلسطینیوں کو پناہ گاہوں اور گھروں سے زبردستی بے دخل کرتے ہوئے صلاح الدین اسٹریٹ کی طرف کھلے آسمان تلے جانے پر مجبور کردیا۔