( روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادادہ) غزہ میں غاصب صیہونی فوج کی بمباری کے نتیجے میں بے گھر افراد کے لئے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہونے والے چار اسکولوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے خواتین اور بچوں سمیت 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی سول ڈیفنس کے مطابق، غاصب افواج نہ صرف شہری آبادی پر حملے کر رہی ہے بلکہ بے گھر افراد کا ایک سکول سے دوسرے سکول تک تعاقب کر رہی ہے۔ خان یونس شہر میں ایک سکول پر کیے گئے حالیہ حملے کے مناظر نے دل دہلا دیے ہیں، جہاں متعدد بے گناہ افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔
شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ طبی سہولیات اور بچاؤ کی صلاحیتوں کی کمی کے باعث بہت سے زخمی شہادت پا رہے ہیں۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو 436 دن گزر چکے ہیں، اور 7 اکتوبر 2023 سے جاری حملوں میں اب تک 44,976 افراد شہید اور 106,759 زخمی ہو چکے ہیں۔ انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے، مگر عالمی برادری کی خاموشی جاری ہے۔