فلسطینی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں ادویہ کی شدید قلت اور توانائی کے شدت اختیار کرتے بحران نے اسپتالوں میں زیر علاج سینکڑوں مریضوں کی زندگیوں کو خطرات سےدوچار کیا ہے۔
صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں توانائی کے بحران کے باعث ڈائلائسز کی مشینیں بند پڑی ہیں جبکہ ادویہ کی بھی شدید قلت کے جس کے نتیجے میں گردوں کے کوئی چار سومریضوں کی حالت خطرے سے دوچار ہوچکی ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے میڈیا کو بتایا کہ اسپتالوں میں مریضوں کو باہر سے ملنے والی خون کی ترسیل بھی رک چکی ہے۔ اس کےعلاوہ اسپتالوں میں توانائی کے بحران کے نتیجے میں ڈائلائسز کی مشینیں بھی بند پڑی ہیں۔ اسپتالوں میں کم سے کم چارسوسے زیادہ گردوں کے مریض ہیں جن کا روز مرہ کی بنیاد پر ڈائلائسز کیا جاتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں فلسطینی محکمہ صحت کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ شہر کے اسپتالوں میں موسم میں شدت کے آتے ہی یومیہ ایک سو سے ڈیڑھ سو مریضوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہو رہا ہے جبکہ پہلے سے موجود مریضوں کی حالت دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ اشرف القدرہ نے عرب ممالک ، عالم اسلام اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں گردوں کے مریضوں کی جانیں بچانے کے لیے فوری طبی امداد، مفت خون کے عطیات اور ادویات فراہم کریں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

